کولار،14؍جون(ایس او نیوز؍نامہ نگار)مرکزی حکومت کی طرف سے پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں کئے جارہے مسلسل اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس کسان سیل کے زیراہتمام کے پی سی سی نائب صدر وسابق چیرمین کرناٹک لیجس لیٹیوکونسل وی آر سدرشن کی قیادت میں سرینواس پور روڈ پر واقع مورنڈ ہلی کراس کے قریب پٹرول بنک کے سامنے سینکڑوں کانگریس کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر وی آر سدرشن نے اپنے خطاب میں کہاکہ ملک میں جب سے بی جے پی قیادت والی نریندرمودی حکومت قائم ہوئی ہے، اپنی من مانی کررہی ہے اورعوام کو مشکل میں ڈال رہی ہے۔پڑوسی ممالک میں پٹرول کی قیمت 60روپئے کے آس پاس ہے،مگر ہمارے میں پٹرول کی قیمت 100روپئے کردی گئی ہے،جو سراسر ناانصافی او ر دھوکہ ہے۔کووڈ کے اس نازک دور میں عوام پر اس طرح کا بوجھ ڈالناظلم کے سوا کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ پٹرول،ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے ملک بھر میں دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں بھی آسمان چھونے لگی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں ہر محاذ میں ناکام ہوچکی ہیں اورعوام کو لوٹنے لگی ہیں۔بی جے پی حکومت کو چاہئے کہ فوراً پٹرول کی قیمت میں کمی لائے اور عوام کوسہولت فراہم کرنے کی جانب توجہ دے۔
اس احتجاج میں کسان سیل کے ضلعی صدر اوور باگلوسرینواس کے علاوہ ضلع بھر کے کانگریس کارکن اورددیگر شریک تھے۔